مانچسٹر کے پاکستانی قونصل خانے میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا افتتاح، اوورسیز کمشن کے عہدیداروں کی ہائی کمشنر سے ملاقات

07 جون 2015

لاہور (وقائع نگار خصوصی) برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس کی پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ممبر بیرسٹر امجد ملک سے مانچسٹر میں اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کے خاتمے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل زیر غور آئے ۔ملاقات میں طے پایا کہ نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے اور شدت پسندی کو ختم کرنے کیلئے والدین کو رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سمیت چاروں قونصل خانوں میں شکایات سیل قائم کئے جائیں گے اور بزرگ پاکستانیوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی جائے گی۔بعد ازاں پاکستانی ہائی کمشنر نے مانچسٹر میں پاکستانی قونصل خانے میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔اس موقع پر مانچسٹر میں پاکستانی قونصل جنرل ڈاکٹر ظہور احمد اور پریس اتاشی منیر احمد بھی موجود تھے۔