بس اڈوں کی سیکورٹی مزید فول پروف بنانے کا فیصلہ

07 جون 2015

لاہور(خصوصی رپورٹر) حکومت نے بس اڈوں وبس سٹینڈز اور پبلک ٹرانسپورٹس پر مسافروں کی سیکورٹی کو مزید بہتر و فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹرز حضرات کے اشتراک سے خصوصی لائحہ عمل تشکیل دے دیا گیا جس کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ پر مسافر حضرات کی جان و مال کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔اسی طرح بس اڈوں کی سیکورٹی کا نظام بہتر بنایا جائے گا اور بس سٹاپس پر بھی عوام کی سیکورٹی کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔یہ بات صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ٹرانسپورٹر حضرات اور ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندہ وفد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ شوکت خان اور آرٹی اے بھی موجود تھے۔اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو بتایا کہ بس سٹینڈز ، لاری اڈوں کے باہر موٹر سائیکل رکشہ اور رکشہ، ٹانگوںکے بے ہنگم رش کی وجہ سے کوئی ناگہانی واقعہ رونما ہو سکتا ہے لہذا اس رش کو ختم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے ٹرانسپورٹرحضرات کو کہا کہ وہ سیکورٹی بارے خصوصی توجہ کے ساتھ مزید تیاری کریں اور دہشت گردوں کو کسی بھی غفلت کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کا حکومت کے ساتھ ہمیشہ بھرپور تعاون رہا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ آئندہ بھی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور مسافروں کی جان و مال کی حفاظت میں ٹرانسپورٹرز حکومت سے مزید تعاون کرتے رہیں گے۔