’’بجٹ حوصلہ افزا ہے، ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا‘‘
لاہور (کامرس رپورٹر) مشکلات کے باوجود بجٹ حوصلہ افزاء ہے، تاجر برادری کی تجاویز کو اہمیت دی گئی۔ ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار تاجروں، صنعتکاروں نے وفاقی بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انڈسٹریل اینڈ ٹریڈز ایسوسی ایشن فرنٹ کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے بزنس دوست قرار دیا۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر عبدالباسط نے کہا مشکلات کے باوجود بجٹ امید افزا کاوش اور گذشتہ برس کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔ پولٹری ایسوسی ایشن ناردرن زون کے چیئرمین ڈاکٹر مصطفی کمال نے سالانہ بجٹ 2015-16 میں پولٹری فیڈ پر 5 فیصد سیلز ٹیکس اور سویا بین پر(جو پولٹری فیڈ کا اہم جزو ہے) پر امپورٹ ڈیوٹی 10%اور سویا بین پر 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد کئے جانے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انڈے اور مرغی کی قیمتوں پر نہایت منفی اثرات پڑیں گے جس کی وجہ سے انڈے اور مرغی کی پیداواری قیمت میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔