پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے، معاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں: سفیر میکسیکو

07 جون 2015
پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ملک ہے، معاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں: سفیر میکسیکو

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں میکسیکو کے سفیر السز کنچولا (Ulises Canchola)نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ میکسیکو کی بڑی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میکسیکو سفیر نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کا ایک اہم ملک ہے اور میکسیکو اس کے ساتھ تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے ان گنت مواقع ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لئے دونوں ملکوں کے تاجروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو کے تاجر پاکستان میں کاروبار کرنے کے طریقہ کار سے آگاہی چاہتے ہیں لہٰذا لاہور چیمبر اس سلسلے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کو دعوت دی کہ وہ تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک وفد میکسیکو بھجوائیں۔ انہوں لاہور چیمبر کے صدر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے کردار ادا کریں گے۔ اعجاز ممتاز نے کہا کہ پاکستان اور میکسیکو کے درمیان 70ء کی دہائی سے بہترین تعلقات چلے آرہے ہیں۔ 2014ء میں پاکستان کی میکسیکو کو برآمدات کا حجم 120ملین ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 39ملین ڈالر تھا۔ پاکستان میکسکو کوبرآمدات میں کپاس، کپڑا، میڈیکل آلات اور کھیلوں کا سامان جبکہ درآمدات میں کیمیکلز، آئرن اینڈ سٹیل اور الیکٹریکل آلات شامل ہیں۔