عمران کی تنقید بلاجواز ہے، بجٹ سے قیمتوں کرایوں، بلوں میں استحکام آیا: پرویز رشید

07 جون 2015

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ بجٹ سے 6لاکھ سالانہ آمدنی والوں پر ٹیکس 3فیسد کم کردیا گیا، تنخواہ اور پنشن لینے والوں کی آمدن میں اضافہ اور اخراجات میں کمی ہوئی،بجٹ سے روز مرہ کی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان تبصرے سے صاف لگتا ہے بجٹ پڑھایا سمجھا نہیں، بجٹ پر تبصرے سے پہلے اسکو پڑھ لیں تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اعلان کے بعد قیمتوں، کرایوں اور بلوں میں استحکام عمران کی ہر تنقید کو بلاجواز ثابت کررہا ہے۔ عمران خان لاقانونیت کی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں ، وفاق نے خیبر پی کے کیلئے فراخدلانہ پیکیج فراہم کیا، عمران خان بھلے ہمارا شکریہ ادا نہ کریں لیکن اس پیکیج سے مستفید ہوں۔