شمالی وزیرستان : افغان طالبان کے ٹھکانے پر ڈرون حملہ‘ 11 دہشت گرد ہلاک‘ متعدد زخمی

07 جون 2015
شمالی وزیرستان : افغان طالبان کے ٹھکانے پر ڈرون حملہ‘ 11 دہشت گرد ہلاک‘ متعدد زخمی

شوال (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ بی بی سی) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں امریکی جاسوس طیارے نے افغان طالبان کے ٹھکانے پر پر میزائل حملہ کیا۔ جاسوس طیارے نے دو میزائل داغے جس سے 11 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ میزائل حملے کے بعد علاقے میں جاسوس طیاروں کی نچلی پروازیں جاری رہیں جس سے سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کو شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں زویہ سید گئی میں ایک گھر پر امریکی جاسوس طیارے کی مدد سے 2 میزائل داغے گئے۔ مذکورہ گھر افغان طالبان کی ملکیت تھا، جبکہ ہلاک ہونیوالے افراد بھی افغان طالبان بتائے جارہے ہیں۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملے میں تباہ ہونے والے مکان کو شدت پسند ایک مرکز کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنیوالے افراد غیر ملکی طالبان ہیں تاہم سرکاری طور پر ہلاک ہونیوالے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ شمالی وزیرستان کے مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کے باعث عسکریت پسند سرحدی علاقوں کی جانب بھاگ رہے ہیں۔ قبائلی علاقوں میں رواں ماہ کا یہ دوسرا اور 2015ءکا نواں امریکی ڈرون حملہ ہے۔