پی سی بی میں تمام فیصلے مشاورت، اتفاق رائے سے ہوتے ہیں : باسط علی

07 جون 2015
 پی سی بی میں تمام فیصلے مشاورت، اتفاق رائے سے ہوتے ہیں : باسط علی

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پی سی بی جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے شکیل شیخ اپنا کردار بھرپور اور موثر انداز میں ادا کررہے ہیں۔ تمام اجلاسوں میں فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے ہوتے ہیں۔ اس لئے کسی ایک شخص کو تنقید کا نشانہ بنانے کا مطلب حقائق سے لاعلمی اور ذاتی عناد کا عکاس ہے۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بائولر عامر نذیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو شکیل شیخ جیسے باصلاحیت اور قابل کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز کی ضرورت ہے۔ آئین کے مطابق بورڈ کی قائم کردہ کمیٹیوں کی سربراہی بورڈ آف گورنرز کے ارکان ہی کرسکتے ہیں۔کرکٹ کمیٹی کی تحلیل کے خواہش مند دراصل حقائق سے ناواقف اور کھیل سے مخلص نہیں ہیں۔ ہمیں منتخب لوگوں کو سپورٹ کرنے اور کرکٹرز کی فلاح کیلئے کام کرنے والوں کا ساتھ دینا چاہئے۔