سٹار امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز کی بھتیجی شائنی نے بھی تہلکہ مچادیا

07 جون 2015

کینیڈا(آئی این پی) امریکی گالفر ٹائیگر ووڈز کی کارکردگی مدوجذر کی شکار ہے لیکن ان کی بھتیجی شائنی ووڈز نے کھیل کی دنیا میں تہلکہ مچانا شروع کردیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 24 سالہ شائنی نے ایل پی جی اے کلاسک ایونٹ میں 9 انڈر پار 63 سکور کے ساتھ پہلے روز حریف پلیئرز پر ابتدا میں برتری حاصل کی۔ انہوں نے حیران کن کارکردگی پیش کرتے ہوئے 2005ء میں میٹ بیٹن کورٹ اور جون ملز بھی کی قائم کردہ ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ شائنی پہلے بار مکمل سیزن میں شرکت کررہی ہیں اور ان کی کھیل پر گرفت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے مجموعی طور پر آٹھ ہولز پر برڈیز کھیلیں۔ ان میں پانچ برڈیز ان کے آخری نو شاٹس میں تھیں۔ دن کے اختتام پر انکی ہم وطن تجربہ کار کھلاڑی کرسٹی کیر نے انہیں سبقت سے محروم کردیا۔ خیال رہے کہ شائنی نے گذشتہ برس پہلا لیڈیز ماسٹر ٹائٹل جیتا تھا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شائنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے دن کا آغاز بہت اچھے طریقے سے کیا اور وہ خود کوپراعتماد محسوس کررہی تھیں، انہیں امید ہے کہ اچھی فارم کا سلسلہ جاری رہے گا۔