آدھی کوٹ/ خوشاب (نامہ نگاران) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ ملک کی باگ ڈور لٹیروں کے ہاتھوں میں دیدی گئی ہے، ملکی داخلی، خارجی اور معاشی پالیسیاں امریکہ کی مرضی کے مطابق بنائی جا رہی ہیں، ملکی حالات بدترین ہو رہے ہیں، کسی کی جان اور مال محفوظ نہیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مقابلہ بازی محض نوراکشتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آدھی کوٹ میں رجوع الی اللہ کانفرنس اور خوشاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منور حسن نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نجات حاصل کرنے کیلئے اللہ اور اس کے نبیؐ کی پیروی کرتے ہوئے سخت جدوجہد کی ضرورت ہے، حکمرانوں سے کسی خیر کی توقع نہیں۔ انہوں نے غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے قافلے پر حملہ کی پرزور مذمت کی اور ترک وزیراعظم کے فیصلہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ کو ان کے فیصلے کو داد دینی چاہئے۔ کانفرنس سے میاں اسلم، ڈاکٹر محمد رفیق، محمد وارث اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ خوشاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی تھیلی کے چٹے پٹے ہیں۔ موجودہ حکومت کو جمہوری نہیں کہا جا سکتا یہ پرویز مشرف کی حکومت کا چربہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کا سیلاب امڈ آیا ہے۔ ایم ایم اے کی بحالی کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ الگے الیکشن میں کوئی نیا اتحاد معرض وجود میں آ سکتا ہے۔ ہم مڈٹرم الیکشن نہیں چاہتے بلکہ ہماری جدوجہد امریکہ کی غلامی سے نجات پر مرکوز ہے۔ دریں اثنا صحافی طلعت حسین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ دنیا بھر کے آزادی پسند انسان اسرائیل کیخلاف یکجا ہو رہے ہیں۔ آزادی فلوٹیلا پر حملے نے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے محصورین کے حوالے سے مصر کا کردار بھی اسرائیل سے کم نہیں۔ مصر کی وجہ سے مظلوم فلسطینی ان گنت مسائل سے دوچار ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38