کورونا نے ہر فرد کو متاثر کیا‘ معذور افراد زیادہ مشکلات کا شکار ہوئے: عون عباس بپی

ملتان ( لیڈی رپورٹر)سوسائٹی فار سپیشل پر سنز اورورلڈ ہیلتھ آرگنائز یشن کے زیر اہتمام خاتون اول ثمینہ علوی کی طرف سے 100معذور خصوصی خواتین میں راشن بیگ تقسیم کرنے کی تقریب گزشتہ روز سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے سوسائٹی فار سپیشل کی چیئر پرسن زاہدہ حمید قریشی،اعجاز شاہ اور محمد افضل سپرا کے ہمراہ راشن بیگ تقسیم کیے۔ عون عباس بپی نے کہا کہ کورونا نے معاشرے کے ہر فرد کو متاثر کیا ہے لیکن معذور افراد عام آدمی سے زیادہ مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں ۔محکمہ بیت المال نے ایک سال کے عرصے میں جوکام سرانجام دئیے ہیں وہ کسی بھی سوشل ویلفیئر آرگنائز شن سے کم نہیں محکمہ بیت المال نے ساڑھے پانچ ہزار معذور افراد میں کیش کی مد میں امداد فراہم کی اس کے علاوہ بے شمار معذور افراد کومصنوعی اعضاء لگائے گئے اور وہیل چیئر ز مہیا کی گئیں۔