شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ المیہ ہے‘افضال احمد
کراچی (سٹی نیوز)پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے سابق انفارمیشن سیکریٹری افضال احمد‘ احمد فہیم‘اسلم سومرو‘ طارق نعیم‘ محمداصغرلعل‘ ظفر حسن بابو‘ ڈاکٹر شکیل‘ ناصر فاروقی‘ سید مسعود حسین و دیگر نے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ ناجائز اوور بلنگ‘ ری کنکشن چارجز‘ فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج اور بجلی کے بل میں 2.89 روپے فی یونٹ کے اضافے کی پرزور مذمت کی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیں لوڈشیڈنگ اور بلنگ کی قیمتوں میں اضافے سے کراچی کے عوام کو نجات دلوائیں۔ کے الیکٹرک نے ظلم کی انتہا کردی ہے سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ اور کرونا وائرس سے پریشان عوام کس سے فریاد کریں لاک ڈائون کے باعث تمام کاروبار شام 7 بجے بند ہوجاتے ہیں اس کے باوجود کے الیکٹرک کی طرف سے لوڈشیڈنگ وفاقی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ناقص کارکردگی کی بنا پر وفاقی وزیر عمر ایوب سے استعفیٰ لیا جائے اور کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کیا جائے وفاقی حکومت اپنی نگرانی میں کراچی والوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرے۔ کے الیکٹرک کے وعدے جھوٹے نکلے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گیا۔