ورلڈ کپ : انگلینڈ سیمی فائنل میں، سوئیڈن باہر،  انگلینڈ نے سوئیڈن کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی

Jul 07, 2018 | 21:56

عالمی کپ فٹ بال 2018 کے تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں انگلینڈ نے سوئیڈن کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی ہے۔روس میں جاری فیفا عالمی کپ فٹ بال 2018 میں تیسرے کواٹر فائنل کا فیصلہ ہوگیا جہاں انگلینڈ نے سنسنی خیر مقابلے کے بعد سوئیڈن کو ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ سوئیڈن کا ایونٹ میں کھیل اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔میچ میں پہلا گول انگلش ٹیم کی جانب 30ویں منٹ میں ہوا جب ہیری مگوائیر نے گول اسکور کیا جبکہ ٹیم کا دوسرا گول دوسرے ہاف کے 58ویں منٹ کے کھیل کے دوران ہوا جب ڈیلے آلی نے گول کرکے حریف

سوئیڈن کے خلاف 0-2 کی برتری حاصل کرلی ۔ سوئیڈن ٹیم میچ میں جارحانہ کھیل پیش کرنے پر بھی انگلینڈ کے خلاف کوئی گول نہ کرسکی اور آخرمیں انگلش ٹیم سے منہ کی کھانی پڑی اور انگلینڈ سیمی فائنل میں داخل ہوگیا ۔میچ کے 87ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی ہیری مگوائیر اور سویڈن کے جان گوئڈتی کو ریفری نے پیلے کارڈ دکھائے جبکہ میچ کے اختتامی مراحل میں 94ویں منٹ میں سویڈین کے سیبسٹیئن لارسن کو بھی پیلا کارڈ دکھا کر وارننگ دی گئی تھی۔واضح رہے کہ ایونٹ کا چوتھا کوارٹر فائنل اب سے کچھ دیر بعد میزبان روس اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جہاں جیتنے والی ٹیم انگلینڈ سے سیمی فائنل میں ٹکرائے گی۔

مزیدخبریں