مجھے نواز شریف کی بیٹی ہونے پر سزا سنائی گئی ہے، میرے خلاف مقدمے کے پیچھے وہ خفیہ ہاتھ ہیں جو پاکستان کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں: مریم نواز
نواز شریف کے ہمراہ لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کے پاس نہ تو کبھی کوئی سرکاری عہدہ رہا اور نہ ہی انہوں نے کوئی کرپشن کی، ستر سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک بیٹی کو جس کا جرم صرف بیٹی ہونا اور حق پر کھڑے ہوجانا ہے اسے سزا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمے کے پیچھے وہ خفیہ ہاتھ ہیں جو پاکستان کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں ،اگر ان کوکوئی چیلنج کرے گا تو اس کو عبرت کا نشان بنا یا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ انہیں بھی میاں صاحب کی طرح دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوتے رہے ہیں، وہ بھی اگر اپنے برائٹ فیوچر کی طرف دیکھتیں تو یہ دن نہ آتا لیکن انہوں نے وہ راستہ اختیار کیا جو ہر بیٹے اور بیٹی کو کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بھی پاکستان میں جانا ہے ،وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے ایسے ملک میں رہیں جہاں خوف کی فضا ہو ، ہم ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں ہر کوئی سر اٹھا کر بات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کی طرح عوامی نمائندوں کی بھی عزت ہونی چاہیے۔