عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں میں کمی پاکستان ‘ بھارت اضافہ کررہے ہیں: رپورٹ
سٹاک ہوم(آئی این پی )سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے کہا ہے کہ اگرچہ گزشتہ سال کے مقابلے میں عالمی سطح پر 2017 میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں کمی آئی ہے، تاہم پاکستان اور بھارت اپنی جوہری ہتھیاروں کی تعداد اور اس کی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق ادارے کی ٹرینڈ این دی ورلڈ نیوکلیئر فورسز2017کے عنوان سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا ہے کہ جس رفتار سے دونوں ممالک جوہری ہتھیاروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں اس کے مطابق جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں آئندہ دس سال تک اضافہ ہوتا رہے گا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 2017 میں عالمی سطح پر جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم ہو کر 14 ہزار 935 ہوگئی جو سال 2016 کے اوائل میں 15 ہزار 395 تھی۔رواں سال کے آغاز میں امریکہ، روس، برطانیہ، فرانس، چین، بھارت، پاکستان، اسرائیل اور عوامی جمہوریہ کوریا کے پاس عملی طور پر تعینات جوہری ہتھیاروں کی تعداد تقریبا 4 ہزار 150 تھی۔اس وقت روس کے پاس سب سے زیادہ 7 ہزار نیوکلیئر وار ہیڈز ہیں جس کے بعد امریکہ کے پاس ان کی تعداد 6 ہزار 800 ہے۔