پی آئی اے پریمیئر سروس پر اربوں روپے کا نقصان ہوا، سینٹ کمیٹی میں مشاہد اللہ برہم
کراچی(آئی این پی) سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے پی آئی اے میں سینیٹر مشاہد اللہ نے اظہار برہمی کیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا پریمیئر سروس شروع ہونے کے باوجود نقصان ہونا حکومتی ناکامی ہے۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے پی آئی اے انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی پریمیئر سروس پر اربوں روپے کے نقصانات ہوئے۔ انہوں نے سوال کیا سابق سی ای او ہلڈن برنٹ کو سنگین الزامات کے باوجود باہر کیوں جانے دیا؟ جرمن ائیرپورٹ پر ایئر بس 310 طیارے کی مبینہ فروخت کے بارے میں بھی استفسار کیا گیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پی آئی اے میں بہتر سروس ہو۔ بتایا جائے پریمیئر سروس شروع ہونے سے کیا فوائد اور کیا نقصانات ہوئے۔ پی آئی اے میں خلاف ضابطہ بھرتیوں پر بھی جواب دیا جائے۔