ردالفساد: چمن میں کالعدم تنظیم کارکن، ملتان ‘ لیاری گینگ کا دہشت گرد ہلاک‘ لاہور سے13افراد گرفتار
لاہور‘ راولپنڈی (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) لاہور میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میںسرچ آپریشن کے دوران13مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے گیسٹ ہاوسز ،فیکٹریوں ،ہوٹلز ،سرائے پر بھی چیکنگ کی اور شہریوں کے بائیو میٹرک مشینوں سے کوائف چیک کئے۔ حساس مقامات پر واقع گرجا گھروں ،امام بارگاہوں ،درباروں اور مساجد پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت پہرہ لگا دیا گیا ۔ ادھرملک بھر میں آپریشن ردالفسادکامیابی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اور حساس اداروں نے سوئی، کاہان اور سبی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔چمن میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 ٹھکانے مسمار، اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرلیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد تخریبی کارروائیوں سمیت دیگر سنگین نوعیت کے وارداتوں میں ملوث تھا۔کراچی‘ لاہور‘ ملتان سمیت کئی شہروں کی پولیس کو مطلوب دہشت گردمقابلے میں ہلاک جبکہ سوات سے بھی دہشت گرد کو گرفتارکرلیا۔ ملتان سے این این آئی کے مطابق ملزم ملتان کے علاقہ 19کسی میں مبینہ مقابلے کے دوران مارا گیا‘2ساتھی فرار ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد بلال کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی اور لیاری گینگ سے تھا‘ وہ گزشتہ ہفتے نارروال میں سب انسپکٹر ضیا کے قتل میں بھی ملوث تھا۔ ملزم کیخلاف اغوابرائے تاوان، قتل اور ڈکیتی سمیت سنگین جرائم کے مختلف مقدمات بھی درج ہیں۔