فیفا رینکنگ : پاکستان کا 200واں نمبر
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) عالمی چیمپئن جرمنی نے فٹبال رینکنگ میں ایک بارپھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ بدترین کارکردگی کے سبب پاکستان کی 200ویں پوزیشن برقرار ہے۔ برازیل اور ارجنٹینا کی ٹیمیں ایک ایک درجہ تنزلی کے سبب دوسرے اور تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔پرتگال اور سوئٹزرلینڈ و پولینڈ کی ٹیمیں بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ چلی ساتویں، کولمبیا آٹھویں، فرانس نویں، بیلجیئم دسویں، اسپین گیارہویں، اٹلی 12ویں، انگلینڈ 13ویں، پیرو 14ویں اور کروشیا 15ویں نمبر پر فائز ہے۔نمیبیا 62 درجے تنزلی کے بعد 156ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ اندورا کی ٹیم نے 57درجے ترقی کر کے 129واں نمبر حاصل کر لیا ہے۔عالمی سطح پر تسلسل سے اچھا کھیل پیش کرنے والی بھارتی فٹبال ٹیم چار درجہ ترقی کی بدولت 96 نمبر پر پہنچ گئی ہے البتہ پاکستانی ٹیم ناقص کارکردگی کی بدولت 200 نمبر پر موجود ہے۔