انٹرنیشنل اولمپک ڈے کی تقریب آج ہوگی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آج لاہور میں انٹرنیشنل اولمپک ڈے کی تقریبات ہونگی۔ سیکرٹری پنجاب اولمپک ادریس حیدر خواجہ کے مطابق انٹرنیشنل ڈے کو منانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اولمپک ڈے واک کا آغاز چار بجے پنجاب سٹیڈیم سے ہوگا جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال ہونگے۔ اولمپک ڈے کی مناسبت سے ریسلنگ کے مقابلے نشترسپورٹس کمپلیکس کے انڈور جمنیزیم میں منعقد ہونگے جس میں مختلف ایج گروپ کے پہلوانوں کے درمیان میٹ ریسلنگ ہوگی۔ اولمپک ڈے کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن ہونگے۔