وینزویلا: صدر کے حامیوں کا اسمبلی اجلاس پر دھاوا‘ دستی بم پھینکے‘ 5 اپوزیشن ارکان سمیت 12 زخمی

کراکس/ واشنگٹن (صباح نیوز+نیٹ نیوز) وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں قومی اسمبلی اجلاس پر صدر مادورو کے 100 حامیوں نے حملہ کرکے حزبِ اختلاف کے 5ارکان، 7ملازمین کو شدید زخمی کردیا، پائپوں اور ڈنڈوں سے لیس حملہ آوروں نے اپوزیشن ارکان کے علاوہ میڈیا نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، ادھر امریکہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری اصولوں پر حملہ قرار دیا ہے۔ وینزویلا میں گزشتہ ماہ سے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں میں کشیدگی جاری ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر قومی اسمبلی میں تقریب جاری تھی جس میں حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی جس پر حکومتی حامیوں نے دھاوا بول دیا۔ ایک شخص نے بندوق پکڑ رکھی تھی‘ گرینیڈ پھینکے گئے۔ مشتعل حملہ آوروں نے عمارت کے اندرونی حصوں کو آگ لگا دی جبکہ سکیورٹی اہلکار کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد صورتحال پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے، کشیدگی جاری ہے۔ صدر نے مذمت کرتے کہا تشدد برداشت نہیں ہے‘ یہ جمہوری اصولوں پر حملہ ہے۔ 9گھنٹے محاصرہ رہا‘ 350 افراد محصور رہے۔