عدالتیں سازش نہیں کر سکتیں، نواز شریف کا اشارہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہے : خورشید شاہ
اسلام آباد(این این آئی)قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کو حکومت نہیں جمہوریت چاہئے اور وزیراعظم کے استعفے سے جمہوریت کو کچھ نہیں ہوگا۔ جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ عدالتیں سازش نہیں کر سکتیں ، بھارت بھی سازش نہیں کر سکتا کیونکہ وہ نوازشریف کا دوست ہے لہٰذا لگتا ہے نوازشریف کا اشارہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف ہے۔نواز شریف مجھے بتا دیں نہیں تو فضل الرحمن کو ہی بتا دیں سازش کون کر رہا ہے۔ ہم جمہوریت بچانے کےلئے سازش کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کو حکومت نہیں جمہوریت چاہیے اور وزیراعظم کے استعفے سے جمہوریت کو کچھ نہیں ہو گا۔ خورشید شاہ نے کہا آصف علی زرداری ہتھکڑیوں کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔ بینظیر بھٹو معصوم بچوں کے ساتھ عدالتوں اور جیلوں کے دھکے کھاتی رہیں اس وقت کسی کو بیٹی کا احساس نہیں ہوا۔ہماری بیٹی مریم نواز کیوں جھوٹ بول رہی ہیں ¾پہلے کہا میرا پراپرٹی سے کوئی تعلق نہیں اور بعد میں کہا میں ٹرسٹی ہوں، وقت آنے پر ثبوت دوں گی لہٰذا یہ معاملہ جھوٹ کی طرف جارہا ہے۔ انہوں نے کہا اسحاق ڈار جیسے تحمل مزاج آدمی کا سخت رویہ قابل تشویش ہے۔ ان کے روئیے سے ظاہر ہوتا ہے دال میں کچھ کالا ہے، (ن) لیگ کی طرف سے یہ ماحول جان بوجھ کر بنایا جارہا ہے۔ حالات اتنے خراب ہیں تو وزیراعظم کو ملک میں ہونا چاہیے تھا۔