عمران خان جواب دیں چترال سے اسلام آباد کس کے ہیلی کاپٹر پر آئے ہیں ؟مریم اور نگزیب
اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان جواب دیں کہ چترال سے اسلام آباد کس کے ہیلی کاپٹر پر آئے ہیں ؟خیبر پی کے کے عوام سے جھوٹ،دھوکہ، عدالتوں سے مفروری اور دوسروں پر جھوٹے الزامات لگانا آپ کا طرہ امتیاز ہے، چترال میں دوسروں کے منصوبوں پر نئی تختیاں لگا کر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں ؟ پی ٹی آئی سربراہ چور مچائے شور کی زندہ مثال ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی چترال سے روانگی کے موقع پر گفتگو پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان چترال میں دوسروں کے منصوبوں پر نئی تختیاں لگا کر کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں؟پرانے منصوبے پر آپ کے نام کی تختی کی قیمت خیبرپی کے کے عوام کو 50لاکھ روپے یومیہ پڑ رہی ہے۔ عمران صاحب اگر آج آپ نے نئے منصوبے پر تختی لگائی ہوتی تو ہم سب آپ کو مبارکباد دیتے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان چور مچائے شور کی زندہ مثا ل ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ آپ نے اپنی حکومت کی کرپشن اور جھوٹ چھپانے کیلئے احتساب کمشن کو تالہ لگایا۔ آج پھر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران نیازی کے نام کو پکارا گیا۔ آج پھر الیکشن کمشن میں ایک مفرور کے وکیل نے استثنیٰ مانگا۔ الیکشن کمشن گزشتہ ڈھائی سال سے آپ کے جواب کا منتظر ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب !نئے منصوبے کیسے لگتے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے تربیت لے لیں۔