عوام کے ٹھکرائے سیاسی عناصر کی کوئی سازش کا میاب ہوگی :شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح، خوشحالی اور معاشی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو اقتدار ملا تو پاکستان بدترین اندرونی اور بیرونی مسائل میں گھرا ہوا تھا تاہم گزشتہ چار برس کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں تعمیروترقی کا تاریخی سفر کامیابی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ دہشت گردی، توانائی بحران کے خاتمے اور اقتصادی جمودکو توڑنے کی مخلصانہ کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیںاورآج کا پاکستان 2013ء سے کہیں بہتر، پرامن اور معاشی طور پر مضبوط ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسیوں کے باعث قومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوا اور ان حکمرانوں کی بے دردی سے قومی وسائل کی لوٹ مارسے ملک اندھیروں میں ڈوبتا چلا گیا۔ دورآمریت میں جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر پنجاب کے سابق حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر زمینوں کا کاروبار کیا اور ان حکمرانوں کے کرپشن کے قبرستانوں کو ہم نے ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے۔ قوم کو کنگال کرنیوالے کرپٹ حکمران آج سی پیک منصوبہ بنانے کے جھوٹے دعوے کررہے ہیں۔ ان حکمرانوں کو اپنے دور میں اس منصوبے پر عملدرآمد کا خیال کیوں نہ آیا ؟۔کرپٹ حکمرانوں نے قوم کو اندھیرے، غربت اور بے روزگاری کے تحفے دیئے اورقوم آج تک ان حکمرانوں کی لوٹ مار اورکرپشن کی داستانوں کو بھلا نہیں پائی۔ دوسری جانب دھرنا گروپ نے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا اور قوم کی مشکلات بڑھائیں۔ دھرنے والوں نے اپنی ہٹ دھرمی، ضد اور منفی سیاست کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پیدا کی۔ عوام کے ٹھکرائے ہوئے ان عناصر کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ شہباز شریف سے چین کے شہر تیانجن کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن کے وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ ایجوکیشن پنجاب میں جدیدٹیکنالوجی اینڈووکیشنل ایجوکیشن یونیورسٹی قائم کرے گی اور یونیورسٹی کا نام پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن ہوگا۔ طلباء و طالبات کو مشترکہ ڈگری دی جائے گی۔ تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وفد کی جانب سے پنجاب کے فنی تعلیم کے اداروں کے اساتذہ کو تربیت کی پیشکش خوش آئند ہے اور پنجاب حکومت اس پیشکش کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔ چین کی معاشی ترقی میںبھی اس کی معیاری ہنر مند افرادی قوت کا بڑا اہم کردار ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری اورکھپت کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنا کر معاشی انقلاب برپا کرے گی۔ نوجوانوں کو جدید فنی علوم سکھا کر بااختیار بنائیں گے اور معیاری ہنر مند افرادی قوت قومی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تیانجن یونیورسٹی کے ماہرین پنجاب تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی کا نصاب تیار کریں گے جسے پنجاب کی ضرورت کے مطابق ڈھالا جائے گا، اسی طرح ٹیوٹا، سکل ڈویلپمنٹ کمپنی اور پی وی ٹی سی کے اساتذہ کو ماسٹر ٹرینرز کیلئے تیانجن ٹیکنیکل یونیورسٹی سے تربیت دلائی جائے گی اور پہلے مرحلے میں100 اساتذہ ماسٹر ٹرینرز کی تربیت لیں گے۔ شہباز شریف نے حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے18ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ لالک جان شہید نے معرکہ کارگل میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا مگر ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔