نااہلی عمران نے اڑھائی برس سے جواب نہیں دیا الٹا دھونس جما رہے ہیں:چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد(ایجنسیاں+نمائندہ نوائے وقت) عمران خان نے پھر جواب جمع نہ کرایا، پارٹی فنڈنگ کیس میں نااہلی سے متعلق درخواست پر وکیل کے توسط سے اعتراضات اٹھادئیے ہیں جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے کہاہے کہ اڑھائی سال سے جواب بھی جمع نہیں کرایا جارہا اوپر سے دھونس جما رہیہیں۔ عمران خان کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمشن میں پیش ہوئے اور درخواست پر اعتراضات جمع کروائے۔ انہوں نے کہاکہ درخواست گزار ہاشم بھٹہ مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی نصیر بھٹہ کے بیٹے ہیں اور حکمران جماعت کی ایما پر ہی عمران خان کے خلاف یہ درخواست دائر کی گئی۔لیگی رہنما نصیر بھٹہ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں ہائی کورٹ میں شریف خاندان کے حق میں بیان دیا تھا۔ انہوں نے الیکشن کمشن سے اصرار کیا کہ پہلے ہمارے اعتراضات سنے جائیں کیونکہ عمران خان کی نااہلی کیلئے الیکشن کمشن میں براہ راست درخواست دائر نہیں کی جاسکتی لہٰذا پہلے فیصلہ کرلیا جائے کہ یہ پٹیشن قابل سماعت ہے بھی یا نہیںجس پر چیف الیکشن کمشنر نے وکیل پی ٹی آئی کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ اصل بات کا جواب دینے سے بچنے کے لئے اس معاملے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کے جواب پر وکیل شاہد گوندل نے کہا کہ آپ ہم پر غصہ تھوڑا کم کیا کریں۔ وکیل کے پی ٹی آئی وکیل کے اعتراضات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس سردار محمد رضا نے کہا کہ ہمارا خیال تھا آج اس معاملے کی غیرمعینہ مدت تک سماعت ملتوی کردیتے۔جس کے بعد الیکشن کمشن نے عمران خان کے اعتراضات پر دلائل کے لئے سماعت کو 12 جولائی تک ملتوی کردیا۔دوسری جانب سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نااہلی کیس میں سابق اہلیہ جمائما کی جانب سے بھیجی گئی اضافی دستاویزات جمع کروا دیں۔عمران خان کی جانب سے جمع کروائے جواب میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔بیرون ملک کمائی گئی آمدن پاکستان میں ظاہر کرنا ضروری نہیں۔بنی گالہ کی ایڈوانس رقم میں نے خود جمع کروائی۔جمائما سے رقم ادھار لی جس کو 2002ء کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا تھا۔عدالت کے پاس کسی بھی قسم کا ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار ہے ‘تمام لگائے گئے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔جواب میں عمران خان کا مزید کہنا تھا دستاویز میں بتایا گیا کہ 3 کروڑ 84 لاکھ 48 ہزار مختلف اقساط میں راشد خان کو ٹرانسفر کئے۔جمائما کی جانب سے دی گئی رقم سے متعلق چارٹ اب جمع کروا رہے ہیں۔