کراچی پیکج کےلئے وزیراعظم کا 11 جولائی کو دورہ متوقع ہے‘ گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار) گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت گورنر ہاﺅس میں کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ‘ جس میں میئر کراچی وسیم اختر اورمیئر حیدرآباد طیب حسین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے حیدرآباد کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج اور کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری میگا پروجیکٹس میں ہونے والی پیش رفت کے تناظر میں تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو ہدایات بھی دی گئیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے وضاحت کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی‘ کراچی اور حیدرآباد کے شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی میں لوگوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ11 جولائی کو وزیر اعظم پاکستان کا کراچی کا دورہ متوقع ہے جس میں کراچی کے حوالہ سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا اس ضمن میں کراچی کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کی درخواست پہلے ہی کردی ہے جبکہ کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی میئر کراچی کی آراءکو مدنظر رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے وہ گھر کھنڈر بن جاتا ہے اسی طرح شہروں میں انفرااسٹرکچر پر وقتاً فوقتاً توجہ دینا انتہائی نا گزیر ہے با الخصوص بڑے شہروں میں انفرااسٹرکچر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے ‘ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے اس شہر کے انفرااسٹرکچر پر بھرپور توجہ دینے سے ملک کا اقتصادی و معاشی پہیہ تیز رفتاری سے چلانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب‘ روشن خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے ‘ امن و امان کے قیام کے بعد قدرتی بندرگاہ کے حامل شہر میں اقتصادی ‘ معاشی ‘ تجارتی اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے جس سے غربت اور بےروزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ‘کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے‘ وزیراعظم پاکستان کراچی کو اس کا جائز مقام دلانے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں‘ وزیراعظم نے اپنے دورہ حیدر آباد میں شہر کی ترقی کےلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا‘ منتخب شہری حکومت کو بھی وفاق سے امید ہے کہ وہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کے ساتھ ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ میئر حیدر آباد طیب حسین نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت کے مطابق ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ وزیراعظم کے اعلان کردہ ہیلتھ انشورنس کارڈ کا حیدر آباد میں آج سے اجرا ءکیا جا رہا ہے‘ ہیلتھ کارڈ سے غریب افراد کو علاج معالجہ میں کافی مدد ملے گی۔