کراچی ‘تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر ڈھائی میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ایک دوسری موٹر سائیکل پر سوار دو دوستوں کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان میں سے 25 سالہ عمران ولد اقبال ہلاک اور 22 سالہ فہد عرف کاشف ولد مشتاق زخمی ہو گیا جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ اس کے علاوہ کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں ذاتی جھگڑے کے دوران 52 سالہ بشیر ولد سلطان کو چھری کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا جبکہ لیاری کے علاقے بکرا پیڑی میں لیاری ندی سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے مبینہ طور پر تشدد کر کے ہلاک کیا گیا تھا مقتول کی شناخت 28 سالہ عمران ولد نور محمد کے نام سے ہوئی۔ ادھر کھوکھرا پار ملیر میں بھی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 48 سالہ عبدالقدیر ولد سرمار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا جبکہ قصبہ کالونی میں چاغی ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ لیاقت ولد خان محمد زخمی ہو گیا۔