آئل ٹینکرز کیلئے مواچھ گوٹھ میں زمین کی الاٹمنٹ ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم
کراچی (وقائع نگار ) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں آئل ٹینکرزکی شہر سے باہر منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے آئل ٹینکرز کیلئے مواچھ گوٹھ میں زمین کی الاٹمنٹ ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دےدیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس گلزاراحمد پر مشتمل بنچ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کراچی رجسٹری میںآئل ٹینکرزکی شہر سے باہر منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آئل کمپنیزاپنے حصے کی رقم نہیں دے رہی ہیںجس پر عدالت نے آئل کمپنیز کو اپنے حصہ فوری اداکرنے کا حکم دیا،جبکہ میونسپل کمشنر کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ ذوالفقار آباد ٹرمینل سے پی ایم ٹی چوری ہوگئی، بجلی کٹی ہوئی ہے جس پر عدالت نے چیف سیکرٹری کو کل اجلاس بلا کر معاملات حل کرنے کا حکم دےدیا۔ اس موقع پر عدالت نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ آئل ٹینکرز کیلئے مواچھ گوٹھ میں زمین کی الاٹمنٹ ایک ہفتے میں مکمل کی جائے،ٹرمینل میں آگ بجھانے اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں،ایک ہفتے میں ذوالفقار آباد ٹرمینل فعال کرکے تمام ٹینکرز منتقل کردئیے جائیں۔احکامات جاری کرنے کے بعد جسٹس گلزار نے ریمارکس دئے کہ ایک ہفتے بعد شہر میں آئل ٹینکرز نظر آئے توکارروائی کاحکم دیں گے۔ اس موقع پر عدالت نے حکومت کو آئل ٹینکرزشہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔