جمشید دستی کیخلاف مقدمات خارج کرنیکی استدعا مسترد، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں: ہائیکورٹ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایم این اے جمشید دستی کیخلاف درج جھوٹے مقدمات خارج کر نے کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں۔ جمشید دستی مقدمات کے حقائق پر خود آنا چاہیں تو عدالتوں کے دروازے کھلے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے شہری محمود اختری نقوی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ جمشید دستی غریبوں کا ہمدرد اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایم این اے ہیں، جاگیر دار اس کے خلا ف جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات درج کرا رہے ہیں لہذا عدالت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جمشید دستی کیخلاف مقدمات کا نوٹس لیا جائے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین نے بتایا کہ درخواستگزار متاثرہ فریق نہیں۔ درخواستگزار پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ بن کر آئے ہیں۔ فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ درخواست ناقابل سماعت ہے۔ درخواستگزار جمشید دستی کو ملنے تو گئے نہیں لیکن درخواست اٹھا کر ہائیکورٹ آ گئے ہیں، ایسی غیرضروری مقدمہ بازی نہیں کریں گے جس سے عدالتوں پر بوجھ پڑے۔