عمران خا ن نے بنی گالہ اراضی سے متعلق منی ٹریل عدالت میں جمع کرا دی
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت) سپریم کور ٹ میں ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو عوامی عہدہ کے لئے نا اہل قرار دینے کے لیے زیر سماعت مقدمہ میں مدعاعلیہ عمران خان نے بنی گالہ اراضی کی خریداری سے متعلق منی ٹریل جمع کرا دی ہے،جمعرات کو نعیم بخاری ایڈووکیٹ کے ذریعے جمع کروائی گئی اضافی دستاویزات میں بنی گالہ کی پراپرٹی خریدنے کے لئے عمران خان کی اپنی سابق اہلیہ جمائمہ سے راشد علی خان کو دی جانے والی رقم کی تفصیلات بھی شامل ہیں، دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جمائما کی جانب سے عمران خان کو دینے کے لئے چار کروڑ چوراسی لاکھ روپے راشد خان کے نام پر منتقل کئے گئے تھے ، قانون کے مطابق بیرون ملک کمائی گئی آمدن پر نہ تو کوئی ٹیکس لاگو ہوتا ہے اور نہ ہی اسے پاکستان میں مالیاتی گوشواروں میں ظاہر کرنا ضروری ہوتاہے، جواب میں عمران خان نے مزید کہا ہے کہ بنی گالہ اراضی کی خریداری کی ایڈوانس رقم میں نے خود جمع کرائی تھی، بعد ازاںجمائمہ سے ادھار رقم لیکر پاکستان بھجوائی گئی تھی ،اور میں نے 2002 ءکے انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں ادا کی گئی رقم کو ظاہر کیا تھا ، عمران خان نے کہاکہ ہم جمائمہ کی جانب سے دی گئی تمام رقم کی تفصیلات بھی جمع کرا چکے ہیں اوراب عدالت میں رقومات کی ادائیگیوں کا چارٹ جمع کرا رہے ہیں، عمران خان نے اپنے جواب میں درخواست گزار حنیف عباسی کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عدالت کواس حوالے سے ہرطرح کے اختیارات حاصل ہیں،اوروہ چاہے توکسی بھی قسم کا ریکارڈ طلب کیا جاسکتاہے ، عمران خان نے جمائمہ خان کی جانب سے ان کو بھجوائی گئی رقم کی ترسیل کا چارٹ بھی عدالت میں جمع کرایا ہے۔ واضح رہے کیس کی سماعت 11جولائی کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔