وزیراعظم نواز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا: شہباز شریف
بیجنگ (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ پی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ اس دورے میں تاریخی اقتصادی راہداری کے منصوبے سمیت توانائی کے بیشتر معاہدے ہوئے ہیں جن سے ملک میں توانائی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ دورے میں سولر پاور کے حوالے سے 500 میگاواٹ کا منصوبہ شامل ہے جو چائنہ انرجی کمپنی کے ساتھ ہوا ہے۔ نندی پور کا منصوبہ جو کہ پچھلے اڑھائی سال سے بند پڑا تھا اسے بحال کردیا گیا ہے اور اب اس پر دن رات کام کیا جائیگا تاکہ 425 میگاواٹ کے منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے چینی وزیراعظم کی جانب سے پاکستان میں فنانسنگ منصوبوں کے حوالے سے اہم فیصلے کو ملکی ترقی کیلئے نہایت اہم اور مفید قرار دیا۔