انتخابات منصفانہ، شفاف نہیں، مینڈیٹ چوری کیا گیا: راجہ ریاض
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ پنجاب میں 11 مئی کے انتخابات منصفانہ اور شفاف نہیں تھے۔ مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ چوری کے ووٹوں پر بنائی گئی حکومت عوام کے ووٹوں سے بنائی گئی حکومت نہیں ہے۔ اس لئے الیکشن کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ الیکشن کرایا جائے اور نگران حکومت میں نجم سیٹھی جیسے شخص کو نہ لایا جائے۔ ان پر اعتبار کیا تھا۔ نگران وزیراعلیٰ کیلئے ان کا نام دیا تھا مگر انہوں نے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ پہلی غلطی فخرو بھائی پر اعتماد کر کے کی، دوسری غلطی نجم سیٹھی کو نگران وزیراعلیٰ بنا کر کی۔ وہ گذشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی سید حسن مرتضٰی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ راجہ ریاض نے کہا نگران وزیراعلیٰ کیلئے نجم سیٹھی کا نام انہوں نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر دیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) سے ان کے حوالے سے مشاورت کی۔ نجم سیٹھی نے یقین دہانی کرائی کہ شفاف اور آزادانہ انتخابات کرائیں گے۔ مگر نجم سیٹھی وعدے پر پورا نہیں اترے۔ انہوں نے کہا شیر کو ووٹ دینے والے آج پچھتا رہے ہیں۔ اپنے حلقے کے ووٹوں کی گنتی چاہتا ہوں۔ شیر کی 10 سال کی بھوک ختم ہونے میں نہیں آ رہی۔ یہ بھوک ختم ہو گی تو عوام کی باری آئے گی۔ میاں شہباز شریف اب لوڈشیڈنگ کیخلاف مینار پاکستان پر خیمہ لگائیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف پرویز مشرف کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں کو پہلے 5 دن گیس ملتی تھی آج ایک دن ملتی ہے۔