3 ارب 20 کروڑ کے رمضان پیکیج کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچنے چاہئیں: حمزہ شہباز

07 جولائی 2013
3 ارب 20 کروڑ کے رمضان پیکیج کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچنے چاہئیں: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کردہ تین ارب 20کروڑ روپے کے رمضان پیکج کے ثمرات عام شہر یوں تک پہنچنا چاہئیں، انتظامیہ اور عوامی نمائندے تمام اضلاع میں قائم کئے جانے والے رمضان بازاروں میں روز مرہ استعمال کی اشیاءپھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی اور شہریوں کو اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر روزمرہ استعمال کی اشیاءکی فراہمی یقینی بنائیں‘ رمضان بازاروں میں صفائی، فرسٹ ایڈ اور سکیورٹی کے موثر انتظامات کیے جائیں گے‘ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی، پارٹی عہدیدار اور کارکنوں کو رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کمیٹیوںمیں شامل کیا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کمشنر آفس راولپنڈی میں رمضان پیکج اور ڈویثر ن میں رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراءبلال یسین، راجہ اشفاق سرور، شجاع خانزادہ، ارکان اسمبلی، کمشنر راولپنڈی، سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری خوراک اورراولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک کے ڈی سی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ منتخب ارکان اسمبلی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز، پارٹی عہدیداران اور پارٹی کارکن رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ اور انہیں کامیاب بنانے کے لئے فعال کردار ادا کریں اور انتظامیہ کے افسران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ان کی تجاویز کو فوقیت دیں۔ رمضان بازاروں میں سبسڈائزڈ نرخوں پر صارفین کوآٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ محکمہ زراعت ضلعی اور تحصیل کی سطح پر ہر رمضان بازار میں تازہ سبزیوں اور پھلوں کی گرین چینل فیئر پرائس شاپ پر دستیابی یقینی بنائے۔ ڈی سی او صاحبان ہر تحصیل میں رکن صوبائی اسمبلی کو رمضان بازار کی مانیٹرنگ کے حوالے سے بااختیار بنا کر پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کریں۔ ضلع اور تحصیل کی سطح پر مہنگائی ، مصنوعی گرانی اور ذخیرہ اندوزی کو کنٹرول کرنے کے لئے مجسٹریٹس کی ٹیمیں بنا کر تسلسل کے ساتھ چھاپے مارے جائیں اور قصور واروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔