رمضان سے پہلے مہنگائی کا طوفان، عوام کو تکلیف دی جا رہی ہے:پرویزالٰہی

07 جولائی 2013
رمضان سے پہلے مہنگائی کا طوفان، عوام کو تکلیف دی جا رہی ہے:پرویزالٰہی

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے رمضان سے پہلے ہی مہنگائی کا طوفان زوروں پر ہے، عوام کو ریلیف کی بجائے تکلیف دی جا رہی ہے، ہم عوام کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیتے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ ہماری سیاست کی بنیاد اور محور غریب اور عام آدمی کی خدمت اور ہر کسی کے مسائل کو حل کرنا ہے، ہمارا ماضی اس کا گواہ ہے، گجرات کے عوام ہمارے محسن ہیں ہم ان میں سے نہیں جو اپنے محسنوں اور ساتھیوں کو بھول جاتے ہیں۔ وہ گجرات میں مختلف علاقوں کے نمائندہ وفود اور سیاسی شخصیات سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا وفاق اور پنجاب کے نئے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے میں نے کہا تھا اس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، مہنگائی کا منہ زور طوفان سب کے سامنے ہے، آپ دیکھ لیں کہ ہر چیز کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں وہ کھانے پینے کی ہوں یا روز مرہ استعمال کی، بجلی ہو یا گیس، پٹرول ہو یا ڈیزل، یہاں تک کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کا یک طرفہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائم کردہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کیلئے موجودہ بجٹ میں صرف 10 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جس سے اس کا اس سال بھی چالو ہونا ناممکن ہے۔