6 خودکشیاں، بادامی باغ میں گھریلو حالات سے تنگ کمسن بچے کے باپ نے گولی مار لی

07 جولائی 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگاران) گھریلو ناچاقی پر 2 خواتین اور بچی سمیت 6 افراد نے خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بادامی باغ کے علاقے علی چوک میں گھریلو حالات سے تنگ آکر کمسن بچے کے باپ نے اپنی بیوی کے سامنے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ معلوم ہوا ہے گلی نمبر 9 کا رہائشی رضوان علی ایک کمسن بچے کا باپ تھا اور وہ روزی روٹی کے لئے موبائل فون مرمت کرنے کا کاروبارکرتا تھا کاروباری حالات اچھے نہ ہونے پر اس کا اپنی بیوی سے اکثر لڑائی جھگڑا رہتا۔ گزشتہ روز رضوان علی کی بیوی نے گھر کے اخراجات کےلئے پیسے مانگے تو پیسے نہ ہونے پر دونوںمیاں بیوی میں تکرار شروع ہو گئی تلخ کلامی بڑھ جانے پر رضوان علی دلبرداشتہ ہو گیا۔ منڈی شاہ جیونہ میں شادی شدہ نوجوان نے گھریلو ناچاقی پر خودکشی کر لی۔ دوآبہ میں نوجوان شاہد نے گھریلو ناچاقی کی بنا پر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ سٹی چکوال کے علاقے علامہ اقبال ٹاﺅن میں نوجوان نے گھریلو جھگڑوں سے تنگ آ کر اپنے آپ کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ساہیوال میں خاوند سے لڑ کر ایک خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ بونگہ حیات کی رہائشی کوثر بی بی کا اپنے خاوند کے ساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ این این آئی کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقہ شام کوٹ میں خاتون نے مبینہ طور پرگھریلو جھگڑے پر سات ماہ کی بیٹی سمیت ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کر لی۔ آسیہ پر اس کا خاوند تشدد کرتا تھا جبکہ سسرال والوں سے بھی جھگڑا رہتا تھا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔