صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے سے مہنگائی بڑھے گی: اقتصادی ماہرین

07 جولائی 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین اور کاروباری برادری نے حکومت کی جانب سے تجارتی و صنعتی صارفین کے بجلی کے بلوں میں اضافے پر کہا ہے کہ حکومت کے اقدام سے صنعتی پیداواری لاگت بڑھے گی جس سے ملک میں صارفین کی قوت خرید میں کمی آئیگی اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث دیگر ملکوں کی مصنوعات کا مقابلہ نہیں کر سکیں گی۔ ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے سے صنعتی پیداواری لاگت بڑھے گی، روزگار کے مواقع کم ہونگے جس سے معیشت کی شرح نمو سست رہے گی۔ ابراہیم مغل نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے سے مہنگائی 5 سے 6 فیصد بڑھے گی۔ 2 لاکھ زرعی ٹیوب ویل متاثر ہونگے۔ برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت بڑھانے کی بجائے اگر حکومت لائن لاسز اور بجلی کی چوری پر قابو پا لیتی تو زیادہ بہتر ہے۔ شیخوپورہ چیمبر کے سابق صدر منظور ملک، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، وقار اے میاں، آٹو مارکیٹ کے وقار علی، لوہا مارکیٹ بادامی باغ کے فاروق عاقل نے کہا کہ صنعتی اور کمرشل صارفین کے بجلی کے بلوں میں اضافے سے ملک میں صنعتی شعبہ اور کاروبار تباہ ہو جائیں گے۔