حکومت کے کشکول کا سائز بڑھ گیا، عوام بلبلا اٹھے: وٹو
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی (وسطی) پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا کشکول پاکستان کے قیام سے اب تک بننے والی تمام حکومتوں سے سائز میں بڑا ہو گیا ہے۔ کشکول توڑنے کے تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے۔ آئی ایم ایف کی شرائط مان کر پاکستان کے عوام کو مہنگائی کی بھٹی میں جھونک دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی عوام دشمن پالیسیاں صرف ڈیڑھ ماہ کی قلیل مدت میں عوام پر مکمل عیاں ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی سے عوام بلبلا اٹھے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے حکمرانوں کو کچھ تو اپنے وعدوں کا پاس کرنا چاہئے۔