مجید نظامی نے کشمیریوں کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیا: یوسف نسیم

07 جولائی 2013

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنونیئر سید یوسف نسیم نے کہا ہے کہ ڈاکٹر مجید نظامی کی قیادت میں ادارہ نوائے وقت نے کشمیریوں کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیا‘ قلمی محاذ پر ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرائے‘ حکومتوں میں سے جس نے تنازعہ کشمیر پر لچک دکھائی یا اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہ کیا اس مرحلہ پر مجید نظامی ان کا قلم اور نوائے وقت گروپ کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہو گئے جس سے کشمیریوں کے حوصلوں کو جلا ملتی رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا‘ سید یوسف نسیم نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر‘ آزادکشمیر کے عوام و مہاجرین نوائے وقت کے قلمی جہاد اور امدادی سرگرمیوں کو تاحیات یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ نوائے وقت نے مسئلہ کشمیر پر اپنی کمٹمنٹ کی بنیاد پرکشمیریوں کو تنہائی کا اساس نہیں ہونے دیا کشمیری بھی یہ سمجھتے ہیں کہ 18 کروڑ عوام ان کی پشت پر ہیں‘ مجید نظامی کی جدوجہد‘ کردار‘ خدمات کا تسلسل کشمیریوں کے دلوں میں احترام سے ہے اور رہے گا۔