افغان پناہ گزینوں کی واپسی کی کوششیں تیز کی جائیں:عبدالقادر بلوچ

07 جولائی 2013

لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر ریاستیں وسرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں ان کی دیکھ بھال اور واپسی ہمارا فرض ہے‘ افغانستان میں حالات اب ساز گار ہیں‘ افغان کمشنریٹ مہاجرین کی واپسی کیلئے کوششیں تیز کرے۔ افغان مہاجرین کو ان کے کیمپوں میں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے‘ مہاجرین کو ایسی تعلیم وتربیت دی جائے جو افغانستان واپسی پر ان کیلئے فائدہ مند ثابت ہو۔ وہ ہفتہ کو افغان کمشنریٹ پنجاب میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس سے قبل افغان کمشنریٹ پنجاب کی طرف سے وفاقی وزیر کو افغان مہاجرین کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پنجاب میں اب بھی ایک لاکھ 80 ہزار افغان مہاجرین گوجرانوالہ‘ راولپنڈی‘ میانوالی اور لاہور کے اضلاع میں موجود ہیں۔

عبدالقادر بلوچ