فیصل آباد کیلئے 3 ماہ میں 50 ہزار پاسپورٹ بنا کر بھیجے گئے: ذوالفقار چیمہ

07 جولائی 2013

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ذوالفقار احمد چیمہ نے پاسپورٹ آفس فیصل آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے شہریوں کےلئے تین ماہ میں پچاس ہزارپاسپورٹ بنا کر بھیجے گئے ہیں مگر سارے پاسپورٹ ابھی تک تقسیم نہیں ہوئے ۔ پاسپورٹ تقسیم نہ ہونے پر ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو فون پر اطلاع دی جائے کہ وہ آکر اپنے پاسپورٹ حاصل کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پشاور ، کوئٹہ ، کراچی ، لاڑکانہ ، سکھر ، نواب شاہ ، رحیم یار خاں، بہاولپور، ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور دیگر شہروں کے بھی لاکھوں پاسپورٹ بناکر بھجوا دیے گئے ہیں ۔ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اپنے سٹاف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بڑی محنت اور کوشش سے اس بحران پر قابو پایا گیا ہے اب اس کو خراب نہیں ہونے دیں گے ۔ اس ادارے میں صرف وہی رہے گا جو ایمانداراور خوش اخلاق ہوگا۔ شہریوں کے ساتھ خندہ پیشانی اور ہمدردی کے ساتھ پیش آئےگا اور انکے مسائل کو فوری حل کرےگا۔