فوری انصاف سے کراچی میں امن ہوسکتا ہے :عبداللہ ہارون

07 جولائی 2013

کراچی (سٹاف رپورٹر) معروف سینئر سیاستدان عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ گذشتہ 5 سال کی ناکامیوں کی بناءپر کراچی نے موجودہ سندھ حکومت کو ووٹ نہ دیکر اپنی ناراضگی اور نفرتوں کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لیاری کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر لیاری میں گذشتہ کئی دنوں سے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے اور سندھ حکومت کی بے بسی اور ناکامی پھر اس شہر کا امن لوٹ رہی ہے اور قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں یہ نئی صدی کا آغاز ہے تو پھر اس کا مستقبل سیاہ نظر آرہا ہے اور وہ جو اس دھرتی اور ملک سے پیار کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ان کے اس وقت چپ بیٹھنے سے حالات مزید وہ رخ اختیار کررہے ہیں جہاں پاکستان کے غریب معصومین کیلئے کوئی ریلیف حاصل نہیں ہو سکتا۔