یمن : دستی بم حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک‘ ایک زخمی

07 جولائی 2013

صنعا (این این آئی) یمن میں ایک دستی بم حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ دھماکے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو یمنی حکام نے بتایا کہ دارالحکومت صنعاءمیں ایک دستی بم حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک جبکہ چوتھا زخمی ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد پلاسٹک بیگ میں چھپا کر دارالحکومت کے شمال میں واقع پولیس کی چیک پوسٹ کے قریب رکھا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پلاسٹک میں چھپایا گیا مواد اس وقت دھماکے سے پھٹ گیا کہ جب چوکی پر تعینات پولیس اہلکار نے اس کی تلاشی لینا شروع کی۔ سکیورٹی اہلکار نے مزید بتایا کہ دھماکے سے دو پولیس اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو پولیس اہلکاروں کی ٹانگیں ضائع ہوئیں جن میں ایک بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ دھماکے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔