دہشت گردوں نے امن تباہ کر دیا: میاں جمیل

07 جولائی 2013

لاہور (پ ر) دہشت گردوں نے ملکی امن تباہ کر دیا، حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے مرکزی کنوینر میاں محمد جمیل نے فوڈ سٹریٹ پرانی انارکلی میں بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب ہوتا ہے نہ یہ کسی رعایت کے مستحق ہوتے ہیں۔ میاں جمیل نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کو روکنے کے لئے بم دھماکے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ حکومت مجرموں تک پہنچنے میں دیر نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو سرعام سزائیں دے کر نشان عبرت بنا دیا جائے۔ میاں محمد جمیل نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی۔