سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال 15 مارچ تک آپریشنل ہو جائیگا: اسحاق ڈار
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال15 مارچ 2014 تک آپریشنل ہو جائے گا۔یہ ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہو گا۔ سوات ہسپتا ل کا پہلے دو سال کا انتظامی خرچہ بھی پنجاب ہسپتال ٹرسٹ برداشت کرے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اسلم، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سابق سیکرٹری صحت عارف ندیم، جاوید اکرم، جہانگیر اختر اور راجہ زاہد نے شرکت کی۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہسپتال کے لئے آلات ومشینری کی خریداری اور تعمیراتی عمل میں شفافیت کو سختی سے مدنظر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تعمیراتی کام بین الاقوامی معیار کا ہو اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی تمام مشینری سٹیٹ آف دی آرٹ ہو گی۔