فوجی انقلاب سے مصری عوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ مارا گیا: لیاقت بلوچ

07 جولائی 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مصر میں فوجی انقلاب کے ذریعے مصری عوام کے جمہوری حقوق پر شب خون ماراگیا ہے۔ امریکہ، یورپ اور مسلم ممالک عالم عرب میں اسلامی بہار کو آمریت کی خزاں میں تبدیل کرنے کے لئے مسلسل سازش میں مصروف ہیں۔ مصر کے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی اور نظر بندی ظالمانہ اور آمرانہ اقدام ہیں۔ عالمی برادری شخصی آمریت کے خلاف مصر کے عوام کا ساتھ دے اور مصر میں صدر مرسی اور جمہوری عمل و آئین بحال ہونا چاہئے۔ مصر کے عوام آزادی اور جمہوریت کی راہ پر چل پڑے ہیں انہیں آمریت غلام نہیں بناسکتی۔ ہوش کے ناخن نہ لئے گئے تو پورا عالم عرب بدترین فساد اور کشت و خون کا مرکز بن جائے گا۔ عالمی اسلامی تحریکیں پرامن آئینی اور جمہوری طریقے سے انسانی حقوق کی بحالی کی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں این اے 126 کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناکام اور عوام دشمن بجٹ کے منفی اثرات سے غریب عوام پر مسلسل بوجھ بڑھ رہا ہے۔ غربت کی بجائے غریب ختم ہو رہے ہیں۔ بجلی، تیل کی قیمتیں ناقابل برداشت ہیں۔