شریف برادران کا دورہ چین پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی لائیکا: خواجہ خرم
لاہور (پ ر) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ خرم سعید نے کہا ہے کہ شریف برادران کا دورہ چین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سبب بنے گا۔ عوامی جمہوریہ چین ہمارا قابل اعتماد اور گہرا دوست ہے جس نے ہر دور میں پاکستان کی بے لوث مدد کی ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا بھر کیلئے مثال ہے۔ مسلم لیگ ن کے ہر دور میں اس دوستی نے نئے سنگ میل عبور کئے ہیں۔ چینی قیادت اور عوام نواز شریف کو قیمتی اثاثہ تصور کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنا پہلا غیر ملکی دورہ چین کا کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کیلئے چین کی کس قدر اہمیت ہے۔ اس دورے میں ہونے والے معاہدوں سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوشحالی آئیگی۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کیلئے چینی کمپنی کو دوبارہ کام کیلئے آمادہ کرنے پر وزیراعلیٰ خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔