افغان طالبان حقیقی اور پاکستانی طالبان جعلی ہیں: حامد رضا

07 جولائی 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ افغانی طالبان حقیقی اور پاکستانی طالبان جعلی مجاہد ہیں۔ افغانی طالبان وطن کے لئے اور پاکستانی طالبان وطن سے لڑ رہے ہیں۔ مسلم حکمران مصر میں فوجی بغاوت کی مذمت کریں۔ مصر کے منتخب صدر مرسی کو اسرائیل سے تعلق توڑنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ امریکہ کو مسلم ممالک میں کٹھ پتلی حکمران وارا کھاتے ہیں۔ امریکہ نے ہمیشہ اسلامی ممالک میں آمروں کی سرپرستی کی ہے۔ ملک بیروزگاری کے زلزلے اور مہنگائی کے سونامی کی لپیٹ میں ہے۔ آئی ایم ایف کو معاشی قبلہ نہ بنایا جائے۔ قوم پانچ سال تیر سے چھلنی ہونے کے بعد اب بھوکے شیر کے رحم و کرم پر ہے۔ اب صرف سانس لینے پر ٹیکس لگانا باقی رہ گیا ہے۔ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کا کچومر نکال دیا ہے۔ کشکول توڑنے کے دعویداروں نے دونوں ہاتھوں میں کشکول پکڑ لئے ہیں۔ اب ن لیگ اپنا نام کشکول لیگ رکھ لے۔