پارلیمانی جماعتوں کی سربراہ کانفرنس قومی پالیسی کی آئینہ دار ہونی چاہئے:اعجاز الحق

07 جولائی 2013

ہارون آباد(نامہ نگار)مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے ہارون آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی 12جولائی کو طلب کردہ پارلیمنٹ کا حصہ بارہ جماعتوں کے سر براہوں کی کانفرنس میں بھر پور مشاورت کے بعد ڈرون حملو ں سمیت خارجہ اور داخلی امور پر بھر پور متفقہ لائحہ عمل اور پالیسی مرتب کر کے اس پر چلنا ہو گا آزاد اور خود مختار قومیں اپنی تقدیر کے فیصلے اپنی امنگوں کے مطابق کرتی ہیں ۔کانفرنس محض رسمی کاروائی تک محدود رہنے کی بجائے قومی پالیسی کی آئینہ دار ہونی چاہےے اور ہم اس سلسلہ میں قوم کی آواز حق وصداقت کے ساتھ پہنچائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ این اے 191ہارون آباد،فورٹ عباس کے عوام کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر یہی سلسلہ برقرار رہا تو اس ظلم کے خلاف پیر 8جولائی کو لائحہ عمل تیار کریں گے اور اگر ہمارے عوام سڑکوں پر آگئے تو ہم ان کے شانہ بشانہ احتجاج کریں گے عوام پر ہونے والے کسی بھی ظلم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہمارا حلقہ بھی نظریاتی مسلم لیگی ووٹرز کا ہے اور مسلم لیگی دور حکومت میں ان غریب عوام پر ناانصافی افسوسناک ہے ۔بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا اس سے مہنگائی کا سیلاب ائے گا اور غریب عوام کو بجٹ سے مایوسی ہوئی ہے ۔   
اعجاز الحق