نئے مالی سال کاپہلا ہفتہ‘ سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی‘ کے ایس ای 100 انڈیکس ‘ 22178 پوائنٹس تک پہنچ گیا
کراچی(مارکیٹ رپورٹر) نئے مالی سال 2013-14کا پہلا ہفتہ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی رہی اورکے ایس ای100ڈ انڈیکس ایک ہفتے کے دوران 5.6 فیصد اضافے سے 22178 پوائنٹس پر بند ہوا۔ماہرین اسٹاک کے مطابق نیامالی سال کے آتے ہی کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی لہر دوڑ گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں پورے ہفتے1172پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس 21 ہزار 6 پوائنٹس کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا۔ اورمارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھا گیا۔جس کے باعث مارکیٹ میں 100 انڈیکس 22 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر کے ہفتے کے اختتام پر 22 ہزار 178 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ اوسط کاروباری حجم 27فیصد اضافے سے 26کروڑ26لاکھ شیئرز یومیہ پر پہنچ گیا۔نئے مالی سال کی آمد سے مقامی اداروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے شئیرز کی خریداری میں تیزی رہی۔جس میں پورے ہفتے تقریبا80 لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی نیٹ خریداری ہوئی۔دوسری طرف ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈکو 5.3 ارب ڈالر ز کے نئے قرض کی درخواست کے باعث حصص بازار میں تیزی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ماہرین اسٹاک کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام اور چین کے دورے میں اقتصادی معاہدوں کے پیش نظر کراچی سٹاک مارکیٹ میں بھرپور سرمایہ کاری دیکھی گئی۔