بارکلیز کی جانب سے لندن سٹاک ایکسچینج میں پاکستان کیپیٹل مارکیٹ ڈے سپانسر
لاہور (کامرس رپورٹر) بارکلیز نے لندن اسٹاک ایکسچینج میں دوسرے پاکستان کیپیٹل مارکیٹ ڈے کو اسپانسر کیا۔ کانفرنس پاک برطانیہ باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کی ترویج اور سرمایہ کاری کے پہلے سے موجود تعلقات کو استوار کرنے کی غرض سے ڈیزائن کی گئی تھی جس میں پاکستان کی 18 سرکردہ کمپنیوں نے بہت سے اہم معاملات جیسے مستقل سوشیو اکنامک اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کی نجکاری پروگرام پر ہونے والے مباحثوں میں حصہ لیا۔ ان کمپنیوں میں بینک، زرعی، تعمیراتی اور توانائی کی فراہمی کے ادارے شامل تھے۔ اس موقع پر سرمایہ کاروں کی 150 سے زائد ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ اس موقع پر الیگزینڈر جسٹہام سی ای او لندن ایکسچینج، منیر کمال چیئرمین کراچی اسٹاک ایکسچینج اور شہزاد دادا سی ای او بارکلیز پاکستان شامل تھے۔ پاکستانی ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے لندن ٹریڈنگ کا افتتاح کیا جس میں 20سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی۔