دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے متوازن ٹیم تشکیل دی گئی : شعیب ملک

07 جولائی 2013
دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے متوازن ٹیم تشکیل دی گئی : شعیب ملک

لاہور (کامرس رپورٹر) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ وہ پاکستان کے لگے کھیلنا چاہتے ہیں اور مستقبل میں وہ ہر طرح سے اچھی پرفارمنس دیں گے۔ شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کپتانی کے18مہینوں میں بہت کچھ سیکھا ہے۔’میری کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کپتانی ملنا ایک اعزاز ہے اور ٹیم کا ہر رکن یہ چاہتا ہے کہ اسے یہ اعزاز ملے لیکن جب بھی کسی ایک کو یہ عہدہ مل جائے تو تمام کھلاڑیوں کو اس کی حمایت کرنی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کا دکھ ہے مگر میرے اندازے سے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے متوازن اور مضبوط ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ شائقین انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلہ میں موجودہ حکومت کی طرف سے عملی اقدامات سے مثبت نتائج نکل سکتے ہیں۔ شعیب ملک نے کہا کہ آئی پی ایل میں کھیلنے یا نہ کھیلنے کا دارومدار پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی تو خواہش ہوتی ہے کہ جہاں کرکٹ ہو رہی ہو وہ اس میں شرکت کریں۔