قومی کرکٹرز کا غیر اعلانیہ ٹریننگ سیشن ختم ‘ آج ویسٹ انڈیز روانگی

07 جولائی 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) دورہ ویسٹ انڈیز کی تیاری کیلئے قومی کرکٹرز کا غیر اعلانیہ ٹریننگ سیشن لاہور میں ختم ہوگیا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہیڈکوچ ڈیو واٹمور کی زیر نگرانی ویسٹ انڈیز جانیوالے قومی سکواڈ کے کھلاڑیوں نے غیر اعلانیہ ٹریننگ سیشن میں بھرپور پریکٹس کی۔ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم آج کراچی سے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 14اور 16جولائی کو گیانا میں، تیسرا، چوتھا اور پانچواں ون ڈے 19،21اور 24جولائی کو سینٹ لوسیا میں ہوگا جبکہ پہلا اور دوسرا ٹی ٹونٹی 27اور 28جولائی کو ایس تی ونسٹ میں ہوگا ۔ پی سی بی دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے 16رکنی ون ڈے اور15رکنی ٹی ٹونٹی ٹیم کا اعلان کر چکا ہے۔ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کا باقاعدہ تربیتی کیمپ تو نہیں لگایا گیا تاہم کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ کرتی رہی۔